صنعاء(این این آئی)یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی کے حوثی باغیوں کے ہاں یرغمال بنائے گئے بھائی اور سابق انٹیلی جنس سیکرٹری بریگیڈیئر ناصر منصورھادی نے صنعاء سے اپنے خاندان کے ساتھ رابطہ کیا ہے اور اپنی خیریت کے بارے میں مطلع کیا ہے۔خیال رہے کہ بریگیڈیئر ناصر منصور ھادی کو ایران نواز حوثی باغیوں نے 2015ء کو یرغمال بنا لیا تھا۔ وہ اس وقت یمن کے عدن، لحج، الضالع اور ابین کے علاقوں میں انٹیلی جنس کے سیکرٹری تھے۔ اغواء کئے جانے کے بعد یہ ان کا اپنے خاندان کے ساتھ پہلا
رابطہ ہے۔حوثی باغیوں نے نہ صرف بریگیڈیئر ناصر منصور ھادی کو یرغمال بنارکھا ہے بلکہ انہوں نے ذمار شہر اور کئی دوسرے علاقوں کی اہم شخصیات کو بھی اپنے ہاں جنگی قید بنا رکھا ہے۔عدن سے منصور ھادی خاندان کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ناصر ھادی نے اپنے خاندان سے ٹیلفون پر بات چیت کی ہے۔ تاہم بات چیت کی مزید تفصیل معلوم نہیں ہوسکی۔ حوثیوں نے بریگیڈیئر ناصر ھادی کو مارچ 2015ء کو اس وقت قید کرلیا تھا جب وہ عدن پر حوثیوں کی چڑھائی روکنے کی ایک لڑائی کی قیادت کررہے تھے۔