لندن (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر آسیہ بی بی کے فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ نیا پاکستان نہیں جس کی ہمیں امید تھی۔جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے ٹوئٹر بیان میں موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے دفاع میں بڑی دلیرانہ تقریر کی گئی تھی لیکن تقریر کے 3 دن بعد ہی حکومت مطالبات کے سامنے جھک گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ نیا پاکستان نہیں جس کی ہمیں
امید تھی جب کہ اب بھی امید ہے حکومت ایسا کچھ سوچ رہی ہوگی جو ہم نہیں جانتے۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے بری ہونے والی آسیہ بی بی کو ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جارہی اور اس کو ملک سے نہ جانے دینا اس کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کرنا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 31 اکتوبر کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر آسیہ بی بی کی سزائے موت کے ہائیکورٹ اور سیشن کورٹ کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔