مانچسٹر(انٹرنیشنل ڈیسک )ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ مسلمان ممالک جمہوری نظام کی مضبوطی پر توجہ دیں،جمہوریت میں حکمران عوام کو جوابدہ ہو تا ہے، ریاست کی ترقی حکمران کی قابلیت اور دیانتداری سے مشروط ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ مسلمان ممالک میں جمہوری نظام کو مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے، اس نظام میں حکمران جوابدہ ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے اسلامک سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے کیا، مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ
جمہوری نظام میں حکمران عوام کو جوابدہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مثبت تبدیلی کے لیے مائنڈ سیٹ کی تبدیلی ضروری ہے، ریاست کی ترقی حکمران کی قابلیت اور دیانتداری سے مشروط ہے۔ملائیشیائی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جمہوری ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے قابلیت ودیانتداری ضروری ہے، عدم برداشت اور ٹانگ کھینچنے کا کلچر آمریت کی راہ ہموار کرتا ہے۔خیال رہے کہ رواں سال مئی میں ملائیشیا کے عام انتخابات میں مہاتیرمحمد اور ان کی اتحادی جماعت نے واضح کامیابی حاصل کی تھی، جس کے بعد مہاتیر محمد ملک کے نئے وزیر اعظم بنے اور حکمراں جماعت کے اقتدار کا 60 سالہ دور ختم ہوا۔