طرابلس(انٹرنیشنل ڈیسک)لیبیا کی فوج کے سربراہ خلیفہ حفتر نے قطر پر الزام عائد کیا ہے کہ اْس نے حفتر کے حالیہ اخباری بیان کو توڑ موڑ کر پیش کیا اور الجزائر کے ساتھ ایک تنازع بھڑکا دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق حفتر کے دفتر میں میڈیا آفیشل خلیفہ العبیدی نے فوج کے سربراہ کے حوالے سے بتایا کہ حفتر کی جانب منسوب یہ بیان کہ انہوں نے لیبیا کی جنگ کو الجزائر کی سرزمین تک
منتقل کرنے کی دھمکی دی ہے ، یہ بالکل بے بنیاد ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ لیبیا کے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ جن میں برادر ملک الجزائر شامل ہے اعلی سطح کے تعلقات ہیں۔العبیدی کے مطابق حفتر نے واضح کیا کہ لیبیا کی فوج نے الجزائر کی سرحد سے بعض مسلح گروپوں کو لیبیا کی اراضی میں داخل ہوتے دیکھا تاہم ان گروپوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ بعد ازاں حفتر نے “اپنے ایک معاون کو الجزائر بھیجا تا کہ مذکورہ گروپوں کی نوعیت کے بارے میں جان کاری حاصل ہو سکے کہ آیا وہ الجزائر کے کوسٹ گارڈز کے زیر انتظام تھے یا پھر اْن کا تعلق دہشت گردوں سے تھا۔ الجزائر کی جانب سے اس مسئلے سے نمٹنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔لیبیا کی فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد المسماری نے الزام عائد کیا کہ قطر فتنہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ لیبیا اور الجزائر ایک ریاست ہیں اور مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کام کر رہے ہیں۔