بیروت(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران کی سکیورٹی فورسز نے ملک کے جنوب مغربی علاقے میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش سے وابستہ ایک سیل کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق سراغرسانی کے وزیر محمود علاوی نے ایک بیان میں کہاکہ گرفتار افراد دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ یہ ٹیم بعض علاقوں میں تباہی کے بیج بونا چاہتی تھی۔
لیکن سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے وہ اپنے مذموم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہی ہے۔محمود علاوی نے کہا کہ اس گروپ کی قیادت شام میں جاری لڑائی میں ہلاک ہونے والے داعش کے ایک جنگجو کا بھائی کررہا تھا۔ایران کے شمال مغربی علاقے میں ہفتے کے روز ایرانی سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں تین مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے تھے اور سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار مارا گیا تھا۔