صنعاء (انٹرنیشنل ڈیسک)یمن کے مغربی ساحلی علاقے میں واقع نظامت التحیتا اور شمالی صوبے صعدہ میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں تیس سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں ۔اس سے پہلے صعدہ ہی میں مختلف محاذوں پر لڑائی میں پندرہ حوثی جنگجو مارے گئے تھے۔ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا ہے کہ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے التحیتا کے نواح میں واقع متعدد فارموں میں مسلح حوثیوں کی
ٹولیوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے اور ان فضائی حملوں میں حوثیوں کی چار گاڑیاں تباہ اور متعدد کمانڈروں سمیت جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ادھر شمالی صوبے صعدہ میں علب کے محاذ پر حوثیوں نے چھن جانے والی چوکیوں پر دوبارہ قبضے کے لیے حملہ کیا لیکن یمنی فوج نے ان کے حملے کو ناکام بنا دیا اور اس کی جوابی کارروائی میں پندرہ حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔یمنی فوج کی 63 ویں انفینٹری ڈویژن کے بریگیڈئیر جنرل یاسر مجلی نے کہا ہے کہ ان کی فورسز نے ضلع باقم میں واقع جبل الشعیر اور التباب میں حوثیوں کے حملوں کو پسپا کردیا ہے۔ان دونوں علاقوں میں بھی یمنی فوج نے حال ہی میں بعض چوکیوں پر قبضہ کیا ہے اور حوثیوں نے انھیں واپس لینے کی کوشش کی تھی۔حوثی ملیشیا کے خلاف یمنی فوج کی زمینی کارروائی کے ساتھ ساتھ عرب اتحاد کے لڑاکا جیٹ نے ابواب الحدید اور التباب کے علاقوں میں باغیو ں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔یمنی فوج نے قبل ازیں سوموار کی شب علب کے محاذ پر حوثیوں کے خلاف کارروائی کے دوران میں انتہا ئی دھماکا خیز مواد ٹی این ٹی بھی برآمد کیا تھا۔یمنی فوج کے کرنل سامی القباطی نے عرب ٹی وی کو بتایا تھا کہ ضلع باقم میں واقع ابواب الحدید میں حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران میں ٹی این ٹی مواد برآمد کیا گیا تھا اور اس کارروائی میں متعدد حوثی جنگجو مارے گئے تھے۔باقم میں حوثیوں کے خلاف لڑائی میں یمنی فوج کی مدد کے لیے عرب اتحاد نے اپنی نئی کمک بھی بھیج دی ہے۔عسکری ذرائع کے مطابق عرب اتحاد کے فوجی ٹینکوں ، بکتر بند گاڑیوں اور مختلف ساخت کی مشین گنوں کے ساتھ علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔