استنبول(نیوز ڈیسک)رجب طیب اردوان نے تیسری مدت صدارت کیلئے عہدے کا حلف اٹھا لیا جس کے ساتھ ہی ترکی میں وزیراعظم کا عہدہ ختم کرکے صدارتی نظام نافذ ہوگیا ٗجسے اپوزیشن کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔یاد رہے کہ 24 جون کو ترکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی۔عہدہ صدارت کا حلف اٹھاتے ہی طیب اردوان نے
نئے نظام کے تحت پہلی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے داماد بیرات البیراک کو وزیر خزانہ و مالی امور مقرر کر دیا۔40 سالہ نئے وزیر خزانہ اردوان کی سب سے بڑی بیٹی کے شوہر ہیں جو اس سے قبل وزیر توانائی بھی رہ چکے ہیں ٗصدر طیب اردوان کے دست راست اور ایمر جنسی ایجنسیز کے سابق سربراہ فواد اوکتائے کو نائب صدر مقرر کیا گیا جبکہ آرمی چیف جنرل حلوصی آقار کو وزیر دفاع کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔مولود چاوش اوگلو نئی کابینہ میں بدستور وزیر خارجہ رہیں گے ۔