بیجنگ(این این آئی) چین کے ایک صوبے میں قرض لے کر واپس نہ کرنے والے افراد کو شرم دلانے کے لیے ان کی تصاویر اور نام سینما شوزکے دوران نشر کیے جارہے ہیں تاکہ وہ شرمسار ہوکر اپنا قرض واپس کرنے میں جلدی کریں۔چینی میڈیا کے مطابق چینی صوبے سچوان کی ہیجیانگ کاؤنٹی میں میں سینماؤں میں اینی میٹڈ کارٹون آکر کہتا ہے آؤ دیکھو یہ ہیں لاؤلائی! یہاں لاؤلائی کا لفظ ایسے لوگوں کیلیے استعمال ہوتا ہے جو وقت پر اپنی قرض لی گئی رقم جمع کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔
اس کے بعد سینما اسکرین پر قرض لے کر واپس نہ کرنے والوں کی تصاویر اور نام ظاہر کیے جاتے ہیں۔ہیجیانگ کورٹس میں قوانین پر عمل درآمد کے سربراہ لی جیانگ نے بتایاکہ قرض واپس نہ کرنے والوں کو عوامی سطح پر شرمندہ کرنا، بلیک لسٹ کرنا اور ان پر سفری پابندیاں عائد کرنا ایک عام بات ہے۔جیانگ نے مزید کہا کہ جس علاقے میں قرض واپس نہ کرنے والے افراد بستے ہیں عین ان ہی سینما میں ان کی تصاویر اور نام ظاہر کیے جاتے ہیں تاکہ یہ مہم بھرپور طور پر اثرانداز ہوسکے۔