واشنگٹن(این این آئی)امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو گردے میں تکلیف کے باعث والٹر ریڈ اسپتال میں داخل کردیا گیا، جہاں ان کے گردے کے اطراف معمولی سرجری بھی کی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان اسٹیفنی گریشم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ میلانیا ٹرمپ کی سرجری بے حد کامیاب رہی اور کوئی پیچیدگی نہیں ہوئی۔ڈاکٹروں کا مزید کہنا تھا کہ سرجری کا مقصد
گردے تک خون کا بہاؤ کم کرکے مزید نقصان سے بچانا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق 48 سالہ میلانیا ٹرمپ رواں ہفتے اسپتال میں زیر علاج رہیں گی۔سرجری کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی مرین ون ہیلی کاپٹر میں اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر پہنچے۔میڈ اسٹار جارج ٹاؤن یونیورسٹی اسپتال کے ایک یورولوجسٹ ڈاکٹر کیتھ کووالزیک نے بتایا کہ دستیاب معلومات کے مطابق میلانیا ٹرمپ کے گردے کے اطراف ٹیومر کی سرجری کی گئی، جسے اینجیو مائیولی پوما کہتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ٹیومر کے دوبارہ بڑھنے کے امکانات نہیں ہوتے، ایک مرتبہ جب اس کا علاج ہوجائے تو پھر یہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجاتا ہے۔