پیانگ یانگ(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا پہنچ گئے جہاں وہ حکام سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا طے کریں گے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا یہ شمالی کوریا کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل انہوں نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے سے قبل گزشتہ ماہ کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ گزشتہ ملاقات میں شمالی کوریا سے اچھے تعلقات کی بنیاد رکھی گئی جب کہ سال 2000 کے بعد سے امریکا کی جانب سے شمالی کوریا سے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا رابطہ تھا۔امریکی وزیرخارجہ اپنے دورے کے دوران شمالی کوریا کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تاریخ اور ایجنڈا طے کریں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شمالی کورین سربراہ کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا خیرمقدم کیا جب کہ ایک موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر انہیں کم جونگ ان سے ملاقات میں فائدہ نظر نہ آیا تو وہ ملاقات ادھوری چھوڑ کر چلے جائیں گے۔امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ شمالی کوریا درست راہ پر چلے گا اور جیل میں قید تین امریکیوں کو رہا کرے گا جنہیں 17 ماہ سے قید کر رکھا ہے۔دوسری جانب جنوبی کورین صدارتی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ شمالی کوریا جذبہ خیرسگالی کے تحت امریکی شہریوں کو رہا کردے گا۔