واشنگٹن(این این آئی)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہاہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے دستخط کیا گیا معاہدہ ایران کی خواہشات کو لگام دینے کے لیے کافی نہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں میرکل کا کہنا تھا کہ ہم ایرانی جوہری معاہدے کو ایک ابتدائی مرحلہ شمار کرتے ہیں۔
جس نے خاص طور پر اس جانب اْن کی سرگرمیوں کو سْست کر ڈالا تاہم جرمنی کا نقطہ نظر یہ ہے کہ جوہری معاہدہ ایران کی خواہشات پر روک لگانے کی ضمانت کے لیے کافی نہیں ہے۔ میرکل نے کہاکہ اس موضوع کے حوالے سے یورپ اور امریکا کے درمیان موافقت ہونی چاہیے۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران جوہری ہتھیار ہر گز حاصل نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ بات نہیں کر رہا کہ آیا فوجی طاقت کا استعمال کیا جائے گا یا نہیں تاہم اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکیں گے،امریکی صدر نے ایرانی حکام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی نظام پورے مشرق وسطی میں تشدد، خون ریزی اور انارکی پھیلا رہا ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ یہ قاتل نظام جوہری ہتھیار کے قریب بھی نہ پھٹکے اور ایران خطرناک میزائلوں کے پھیلانے اور دہشت گردی کے لیے اپنی سپورٹ کا سلسلہ ختم کرے۔