نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی معروف گرو آسا رام پر جنسی زیادتی کا الزام ثابت ہو گیا، 77سالہ گرو کے لیے سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ایک معروف گرو آسارام باپو کو جنسی زیادتی کے ایک مقدمے میں قصور وار قرار دے دیا گیا ہے۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 77 سالہ گرو کے لیے سزا کا
اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ آسارام نے 2013 میں اپنی ایک پیروکار کمسن بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا تھا۔ ممکنہ احتجاج کی وجہ سے اس مقدمے کی کارروائی ریاست راجستھان کی ایک جیل میں مکمل کی گئی۔ آسارام باپو کو عمر قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔ آسارام اور ان کے بیٹے پر جنسی زیادتی کا ایک اور مقدمہ بھی قائم ہے۔ دنیا بھر میں آسارام کے چار سو سے زائد آشرم ہیں۔