برلن(این این آئی)جرمن دارالحکومت کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے ارد گرد سے ہزاروں افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ وہاں کھدائی کے دوران دوسری عالمی جنگ کا ایک نہ پھٹنے والا 500 کلو گرام وزنی برطانوی بم ملا ہے، جسے اب ناکارہ بنایا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن حکام نے اس پانچ سو کلوگرام وزنی بم کو ناکارہ بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے، جو دوسری عالمی جنگ کے دوران برطانیہ کی طرف سے گرایا گیا تھا۔ یہ بم اس وقت ملا تھا، جب ایک عمارت کی تعمیر کے
سلسلے میں کھدائی کا عمل جاری تھا۔متاثرہ مقام کے ارد گرد آٹھ سو میٹر کے دائرے میں موجود تمام عمارتوں کو خالی کروا لیا گیا ہے جبکہ بم کو ناکارہ بنانے کا عمل جاری ہے۔حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے برلن کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کو بھی خالی کروا لیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ریلوے کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ بم بالکل صحیح حالت میں ہے اور یہ کسی کے لیے بھی فوری طور پر خطرے کا باعث نہیں ہے۔