لندن(این این آئی)امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے برما کی فوج کے ہاتھوں نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ اورکہاہے کہ روہنگیا کی مسلمان اقلیت کے خلاف برمی فوج کی کارروائیاں کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ برما کی حکومت نہتے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے اور انہیں ھجرت پر مجبور کرنے کے اقدامات سے باز رہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے
اپنے برطانوی ہم منصب بوریس جونسن کے ہمراہ لندن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ برما میں فوجی طاقت کیاستعمال سے بڑی تعداد میں مسلمانوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا ہے۔ میانمار کی فوج اور پولیس کے حملوں کے خوف سے مسلمان اقلیت پڑوسی ملکوں بالخصوص بنگلہ دیش کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ریکس ٹیلرسن کا کہنا تھا کہ امریکا برما میں جمہوریت کے فروغ کے لیے آن سانگ سوچی کی حمایت کرتا ہے مگر مسلمان اقلیت کے خلاف فوج کشی کسی صورت میں قبول نہیں۔