واشنگٹن(این این آئی)امریکی الیکشن میں روسی مداخلت کی تفتیش کرنے والے خصوصی وکیل نے’گرینڈ جیوری‘ قائم کر دی ہے۔ امریکی صدر نے سن 2016 کے انتخابات میں روسی مداخلت کو ایک مرتبہ پھر من گھڑت قرار دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج پر روس کے اثرانداز ہونے کے حوالے سے تفتیشی عمل شدید ہوتا جا رہا ہے۔
امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی اور کانگریس کی خصوصی کمیٹی کے علاوہ ایک خصوصی وکیل اِس معاملے کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ خصوصی وکیل رابرٹ میْئولر نے اپنی تفتیشی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے گرینڈ جیوری قائم کر دی ہے۔امریکی جریدے نے اس گرینڈ جیوری کے قیام کی خبر جاری کی ہے۔ اس معتبر اخبار نے اپنی رپورٹ میں گرینڈ جیوری کی کارروائی کے حوالے سے دو سرکاری ذرائع کا ذکر کیا ہے لیکن اِن ذرائع کے نام ظاہر نہیں کیے ہیں۔خصوصی وکیل رابرٹ میْولر نے انتخابی عمل کی وسیع تر تفتیش کے لیے ایک بڑی جیوری قائم کر دی ہے۔ وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق اس جیوری نے حالیہ ہفتوں میں اپنی کارروائی شروع کر دی ہے۔اس خصوصی گرینڈ جیوری کے اراکان کی تفصیل ابھی تک سامنے نہیں آئی۔ سیاسی حلقوں کے مطابق یہ گرینڈ جیوری وفاقی تفتیشی عمل کو تقویت دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔ یہ جیوری شہادت کے لیے کسی بھی شخص کو طلب کرنے کی مجاز ہو گی اور وہ حلف پر بیان ریکارڈ کرے گی۔ جیوری ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ٹیم کے روس کے ساتھ ممکنہ رابطوں کا بھی کھوج لگانے کی کوشش کرے گی۔ جیوری کو اپنے شواہد کی روشنی میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات بھی قائم کرنے کا اختیار حاصل ہے۔