نیویارک (این این آئی) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کی مجموعی آبادی 2050 تک 9 ارب 80 کروڑ تک پہنچ جائے گی، پوری آبادی کا 50فیصد پاکستان سمیت 10ممالک میں آباد ہوگا۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی موجودہ آبادی 7 ارب 60 کروڑ ہے، جو 2030 تک 8 ارب 60 کروڑ تک پہنچ جائے گی، 2050 تک مجموعی آبادی 9 ارب 80 کروڑ جبکہ اس صدی کے آخر تک یہ 11 ارب سے بھی تجاوز کرجائے گی۔
ایک اندازے کے مطابق آبادی میں ہر سال 8 کروڑ 30 لاکھ کا اضافہ ہو رہا ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ 233 ممالک کی اس آبادی کا نصف صرف دس ممالک میں آباد ہے ان دس ممالک میں بھارت، نائیجریا، کانگو، پاکستان ، ایتھوپیا، تنزانیہ، امریکا یوگنڈا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق 2024 تک بھارت چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والاملک بن جائے گا۔