دبئی (این این آئی)دبئی کے صحرا میں ساڑھے چار کلومیٹر پر پھیلے سولر کے پلانٹ کے دوسرے مرحلے کی تعمیر مکمل ہو گئی۔مذکورہ محمد بن راشد المکتوم سولر پارک دبئی کی توانائی کی ضروریات کو 2050 تک تیل کے بجائے توانائی کے متبادل ذرائع سے حاصل کرنے کے ایک منصوبے کا حصہ ہے۔مذکورہ پلانٹ صحرا میں ساڑھے چار کلومیٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے جس میں دوسرے مرحلے میں 23 لاکھ سولر پینلز نصب
کئے گئے ہیں،ان کی صلاحیت 200 میگا واٹ ہے جس سے 50 ہزار گھروں کو بجلی میسر ہو گی۔دبئی الیکٹرک سٹی اینڈ واٹر اتھارٹی کے مطابق پلانٹ کے دوسرے مرحلے کی تعمیر پر 326 ملین ڈالر کا خرچ آیا ہے جس میں ان کو سعودی عرب اور سپین کی کمپنیوں کی معاونت حاصل ہے۔پلانٹ پہلا مرحلہ 2013 میں مکمل کیا گیا جس سے 152000 شمسی پینلز سے 13 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔