اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے پر امید، دورے پر آئے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو آزاد فلسطین کے ذکر پرگھبراہٹ طاری، بغلیں جھانکنے لگ گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے دورہ چین کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے ان سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے حل اور آزاد فلسطینی ریاست
کے قیام کیلئے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آزاد فلسطینی ریاست دیکھنے کے آرزو مند ہیں، پر امن مشرق وسطی اسرائیل اور چین دونوں کے مفاد میں ہے جس کیلئے اسرائیل دو ریاستی حل کیلئے بات چیت جاری رکھے۔چینی صدر کی جانب سے آزاد فلسطین کے ذکر پر اسرائیلی وزیراعظم پر گھبراہٹ طاری ہو گئی اور وہ بغلیں جھانکنے لگ گئے اور اس موضوع پر بات کرنے کے بجائے اپنی تمام توجہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون پر مرکوز کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کا یہ دورہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے دورہ چین کے فوری بعدہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ فلسطین کو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کا باہمی تنازعہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینی قیادت اور اسرائیل جس حل پر متفق ہوئے امریکہ بھی اسے تسلیم کرے گا جبکہ اس کے متضاد چینی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات میں باقاعدہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا ہےجو کہ اسرائیلی توقعات کے بالکل برعکس تھا۔