واشنگٹن(آئی این پی)ڈیمو کریٹس نے ٹرمپ کے نئے امیگریشن آرڈر کو بھی مسلمانوں پر پابندی قرار دیدیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیمو کریٹس رہنمائو ں نے ٹرمپ کے نئے امیگریشن آرڈر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مسلمان رکن کانگریس کیتھ ایلی سن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا امیگریشن آرڈر بدستور مسلمانوں پر پابندی ہے۔ سینیٹر چک شومر نے سفری حکم نامے کو امریکی روایات کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِس آرڈر کومنسوخ ہونا چاہیے کیونکہ
یہ امریکا کو غیر محفوظ بنا دے گا۔ نینسی پیلوسی نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سفری حکم نامہ مسلمانوں اور تارکین وطن پر عائد غیر آئینی پابندی کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔ امریکا کے کئی یہودی تنظیموں نے بھی امیگریشن آرڈر کی مذمت کی ہے۔ دوسری طرف امریکن سول لبرٹیز یونین نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا امیگریشن آرڈر مسلمانوں کے ساتھ مذہبی امتیازی سلوک پر مبنی ہے۔ ٹرمپ کے سفری حکم نامے کو چیلنج کرتے رہیں گے۔