نئی دہلی (آئی این پی)بھارت نے پاکستان کی جانب سے خفیہ ایٹمی شہر کے قیام سے متعلق الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ ایٹمی شہر کے قیام بارے پاکستانی دعویٰبے بنیاد ہے جس کا مقصد دہشتگردی کے اصل ایشو سے توجہ ہٹانا ہے ۔
جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان بھارتی وزارت خارجہ وکاس سوارپ نے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا بھارت کی جانب سے خفیہ ایٹمی شہر کے قیام کادعویٰ بے بنیاد ہے جس کا مقصد دہشتگردی کے اصل ایشو سے توجہ ہٹا نا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے بھارت کی طرف سے خفیہ ایٹمی شہر کے قیام اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی تیاری پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاتھاکہ بھارت کی طرف سے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے سے خطے اور دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہو گا۔ انھوں نے کہاکہ بھارتی اقدامات سے خطے میں تزویراتی توازن بگڑے گا۔ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے روایتی اور غیرروایتی ہتھیاروں میں تیزی سے اضافے کو نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے کو روکے۔