بیجنگ(آئی این پی)چین نے افغانستان میں چینی افواج کے گشت کے حوالے سے بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کھانگ نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں چینی فوج کی جانب سے افغانستان میں آزادانہ طور پر گشت کی خبروں کو مستردکردیا۔
ترجمان نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس حقائق کے منافی ہیں۔چینی وزارت دفاع اس حوالے سے بہتر انداز میں اپنا موقف بیان کر چکی ہے ، متعلقہ اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چین اور افغانستان کی افواج نے باہمی معاہدوں کے مطابق اپنی سرحدوں کے اطراف قانون کی عمل داری کے لئے مشترکہ آپریشن کئے ہیں جس کا مقصد سرحدی علاقوں میں قانون کی عمل داری میں وسعت لانا تھا جبکہ ان آپریشنز کا مزید مقصد دہشت گردوں کی سرگرمیوں اور منظم سرحدی جرائم کے خلاف حکمت عملی تشکیل دینا تھا۔