اسلام آباد(آئی این پی)سعودی عرب سے بے دخل کیے گئے پاکستانیوں نے وزارت سمندرپار پاکستانیز کے سامنے احتجاج احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ معاہدے کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی سعودی کمپنی نے واپس بھیج دیا‘ایک سال سے زائد کی تنخواہ اورباقی واجبات بھی ادا نہیں کئے ‘ حکومت مسئلہ کو جلد حل کرکے ہماری معاشی پریشانیوں کا مداوا کرے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو سعودی تعمیراتی کمپنی سے نکالے گئے پاکستانیوں نے اسلام آباد میں وزارت سمندرپار پاکستانیز کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سعودی کمپنی نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ناصرف انہیں واپس بھیج دیا بلکہ ایک سال سے زائد کی تنخواہ اورباقی واجبات بھی ادا نہیں کئے گئے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کمپنی نے پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے واجبات ادا کر نے کا کہا تھا۔وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ 50ہزار بھی صرف 10فیصد افراد کو ادا کئے گئے ہیں۔ بیرون ملک سے بے دخل کئے گئے پاکستانیوں نے حکومت سے مسئلہ کو جلد حل کرکے انکی معاشی پریشانیوں کا مداوا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔