صنعاء(این این آئی)یمن میں سرگرم ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر ظہران میں قائم اقوام متحدہ کے مقامی دفتر پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں دفتر کی عمارت کو غیر معمولی نقصان پہنچا ۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ظہران میں اقوام متحدہ کی عمارت ’ڈی سی سی‘ پر متعدد راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں عمارت کی دیواریں
اور شیشے ٹوٹ گئے۔راکٹ حملوں کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے دفتر کا استقبالیہ روم، فرنیچر اور دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں۔درایں اثناء یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب اسماعیل ولد الشیخ احمد نے ظہران میں ’یو این‘ کی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک امر ہے کہ ایک طرف ہم یمن میں لڑائی روکنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں اور دوسری طرف یمنی باغی سرحد پار سے سعودی عرب کے اندر عالمی تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ولد الشیخ احمد نے بتایا کہ یمن سے راکٹ حملے رات کے وقت کیے گئے تاہم اقوام متحدہ کے دفتر میں موجود عملہ اس وقت جاگ رہا تھا۔