ڈیووس(آئی این پی)وزیراعظم محمد نوازشریف سے سری لنکا کے وزیراعظم رینیل وکرما سنگھے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں ،وقت کیساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط سے مضبوط ترہوئے ہیں ،جنوبی ایشیا میں امن اور تعاون کا فروغ پاکستان کی شدید خواہش ہے ۔
بدھ کو ڈیووس میں وزیراعظم نوازشریف اور سری لنکن وزیراعظم کے درمیان ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور ترقی کے لئے سلامتی اور استحکام لازم ہے ،خطے کے تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں ،ہماری خواہش ہے کہ خطے کے عوام علاقائی تعاون کے ثمرات سے مستفید ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کی تنظیم سارک کو بہت اہمیت دیتا ہے ،سارک چارٹر کے مطابق اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہیں ،سارک کو علاقائی تعاون کے حوالے سے متحرک تنظیم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کیساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور جامع مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں ،بھارتی قابض افواج معصوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت ڈھا رہی ہے ،کشمیری عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں حق خودارادیت دیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر تناؤ کے ذریعے عالمی برادری کی کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں ،وقت کیساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط سے مضبوط ترہوئے ہیں ،جنوبی ایشیا میں امن اور تعاون کا فروغ پاکستان کی شدید خواہش ہے ۔سری لنکن وزیراعظم نے پاکستان کی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تجارت اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں ۔دونوں ملکوں کو تجارت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے ۔