ریاض(این این آئی )سعودی عرب نے عالمی تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے اس الزام کو مستردکردیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ میانمار میں روہنگیا اقلیت کی جانب سے سرحدی محافظوں پر حملے میں ملوث افراد کے تانے بانے سعودی عرب سے ملتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم حرکہ الیقین کا قیام بھی سعودی عرب میں عمل میں آیا تھا اور اس کے آپریشنز کی نگرانی بھی وہیں سے کی جاتی ہے۔
رواں سال اکتوبر میں میانمار کے سرحدی محافظوں پر ہونے والے اس حملے میں نو پولیس اہلکار مارے گئے تھے جس کے بعد مسلم اکثریتی ریاست رخائن میں روہنگیا آبادی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوگیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہاکہ عالمی تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسس گروپ کا الزام بے بنیاد ہے ،سعودی عرب کسی جنگجوگروپ کی حمایت نہیں کرتا ،بیان میں کہاگیا کہ سعودی عرب خود دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے اورہمارے محافظوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔