نئی دہلی (آئی این پی )بھارت کے سابق ایئر چیف مارشل ایس پی تیاگی کو ہیلی کاپٹرز کی خریداری میں غیر شفاف ڈیل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سابق ایئر چیف ایس پی تیاگی کو3600 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیاہے۔ انہیں سی بی آئی نے تفتیش کے بعد حراست میں لینے کا فیصلہ کیا۔ 2010
میں کانگریس کے دور حکومت میں بھارتی ایئر فورس کے لیے 12 وی آئی پی ہیلی کاپٹرز خریدے گئے تاہم بعد میں الزام لگایا گیا کہ ہیلی کاپٹر فراہم کرنے والی کمپنی نے ڈیل طے کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کو رشوت دی تھی۔ ہیلی کاپٹر ڈیل کی منظوری ایئر چیف مارشل ایس پی تیاگی نے دی تھی۔بھارتی میڈیا کا کہناہے کہ ایس پی تیاگی کے کزن سنجیوتیا گی وکیل گوتم کو بھی گرفتارکر لیا گیاہے۔بھارتی سابق ایئرچیف پر سرکاری عہدے کے ناجائز استعمال کا بھی الزام ہے۔ایس پی تیاگی 2007 میں عہدے سے ریٹائر ہو گئے تھے۔