نئی دہلی (آئی این پی)بھارت نے رویتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ سرتاج عزیز کی جانب سے بدسلوکی کی شکایت کی کوئی وجہ نہیں بنتی ، ہم نے بہت اچھی طرح میزبانی کے فرائض سرانجام دیئے اور وزیراعظم نریندر مودی نے سب مہمانوں کو اچھے طریقے سے خوش آمدید کہا ۔پیر کو
بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے سے متعلق رپورٹس درست نہیں ہیں۔پاکستانی مشیر خارجہ کی جانب سے شکایت کی کوئی وجہ نہیں بنتی تھی ہم نے بہت اچھی طرح میزبانی کی۔ہم نیخصوصی سیکورٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کیں جن میں اضافی کمرے ،بلٹ پروف گاڑیاں (جو ہروزیر خارجہ کو نہیں دی جاتیں) اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔وزیراعظم نریندر مودی نے سب مہمانوں کو اچھے طریقے سے خوش آمدید کہا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے شہر امرتسر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوسرے روز مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ بھارت کی جانب سے بدسلوکی کا واقعہ سامنے آیا تھا۔بھارتی حکام نے سرتاج عزیز کو انکے ہوٹل سے کہیں بھی جانے کی اجازت نہیں دی جب کہ وہ گولڈن ٹیمپل کا دورہ کرنا چاہتے تھے اسکے علاوہ بھارتی حکام نے مشیر خارجہ کو پریس کانفرنس سے بھی روک دیا۔