نئی دہلی(این این آئی)بھارتی حکومت نے وزیراعظم نواز شریف اور امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلیفونک گفتگو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بات کے منتظر ہیں کہ ٹرمپ تصفیہ طلب مسائل میں سب سے اہم مسئلے کے حل کیلئے پاکستان کی مدد کریں گے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے بتایا کہ بھارتی حکومت مذکورہ فون کال کی رپورٹس سے آگاہ ہے ٗہم اس بات کے منتظر ہیں کہ نو منتخب صدر تصفیہ طلب مسائل میں سب سے اہم مسئلے یعنی دہشت گردی کے حل کے لیے پاکستان کی مدد کریں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نومنتخب صدر نے کہا تھا کہ وہ کسی بھی قسم کے مسائل سے نمٹنے میں پاکستان کی ہر طرح کی مدد کرنے اور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔