واشنگٹن(آئی این پی )امر یکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دامادجیرڈکشنر بھی وائٹ ہاوس میں عہدہ لینے کے خواہشمندنکلے ،نومنتخب صدرپارٹی حریفوں کوبھی قریب لانے میں مصروف،مٹ رومنی کووزارت خارجہ دیے جانے کاامکان ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر ان دنوں وکیلوں سے مشاورت میں مصروف ہیں جس کا مقصد وائٹ ہاوس میں اپنا مستقل کردار تلاش کرنا ہے، تاہم وائٹ ہاوس میں ان کے مستقل کردار پر قرابت داری کے قوانین کے تحت مقدمہ ہوسکتا ہے، اسی لیے انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ وائٹ ہاوس کی ملازمت کے لیے کوئی تنخواہ وصول نہ کریں تو اس قانون سے بچا جا سکتا ہے۔امریکی اخبار کے مطابق نومنتخب صدر اپنے سخت ناقد اور میساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی سے ملیں گے، اس موقع پر ٹرمپ کی جانب سے رومنی کو وزیر خارجہ بننے کی پیشکش کا بھی امکان ہے۔ادھر نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی حساس ادارے کے سربراہ کی تعیناتی کی تیاری کر رہے ہیں لہٰذا نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر 75 سالہ جیمر کلیپر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔