بیجنگ(آئی این پی ) چین نے امریکہ اور جنوبی کوریا پر ایک بار پھر زوردیا ہے کہ امریکی دفاعی میزائل نظام(تھاڈ) کی تنصیب کا منصوبہ منسوخ کیا جائے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے امریکی دفاعی میزائل نظام کی اپنے ملک میں تنصیب کے لئے جگہ حاصل کرنے کے معاہدے پر مقامی کمپنی کے ساتھ دستخط کر دیے ہیں ۔ کورین وزارت دفاع نے امریکہ دفاعی نظام کی تنصیب کے لئے سیونگ جو میں جگہ کا انتخاب کیا ہے ۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے مذکورہ پیش رفت پر کہا کہ چین مسلسل میزائل نظام کی تنصیب پر تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے ۔ ہم دوبارہ تمام فریقین پر زوردیتے ہیں کہ چین کے مناسب تحفظات پر غور کرتے ہوئے میزائل نظام کی تنصیب کا عمل منسوخ کیا جائے ۔ چینی اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گا ۔انہوں نے کہا کہ میزائل نظام کی تنصیب سے خطے میں اسٹریٹجک توازن کو شدید دھچکا لگے گا جبکہ چین سمیت دیگر ممالک کے سیکیورٹی مفادات بھی خطرے میں ہوں گے ۔