کابل( آن لائن ) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے شمال میں واقع نیٹو کے بگرام ایئربیس میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ نیٹو کی جانب سے جاری ہونے والے مختصر بیان میں کہا گیا کہ دھماکا صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب ہوا۔مزید کہا گیا کہ نیٹو کی فورسز اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور واقعے کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو طبی امداد دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔نیٹو نے اپنے بیان میں 4 افراد کی ہلاکت اور 14 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تاہم متاثرہ افراد کی قومیت کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔دوسری جانب ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔بگرام ایئربیس افغانستان میں امریکی فوج کا سب سے بڑا ایئربیس ہے، جسے اکثرو بیشتر طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔گذشتہ برس دسمبر میں ایک موٹر سائیکل سوار طالبان خودکش بمبار نے بگرام ایئربیس کے قریب دھماکا کرکے 6 امریکی فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا، جسے 2015 میں امریکی فورسز پر حملوں میں بدترین حملہ قرار دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 1996 سے 2001 کے دوران طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت امارت اسلامیہ قائم کی تھی اور وہ ایک مرتبہ پھر ملک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ میں مصروف ہیں۔دوسری جانب دسمبر 2014 میں امریکا کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلائ کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہم مقامات پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔