اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک طرف جہاں امریکی صدارتی انتخابات کے اب تک نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹک حریف ہیلری کلنٹن پر برتری حاصل ہے۔وہیں دوسری جانب امریکا چھوڑ کر کینیڈا جانے والوں کی کوشش کرنے والے افراد کی وجہ سے کینیڈا کی امیگریشن ویب سائٹ کریش کرگئی ہے۔انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ‘سٹیزن اینڈ امیگریشن کینیڈا’ کی آفیشل ویب سائٹ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ ٹرمپ کی برتری کے بعد لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد امریکا چھوڑنے پر غور کر رہی ہے۔کینیڈا کی مذکورہ ویب سائٹ اپلائی کرنے کے مختلف طریقوں کی پیشکش کرتی ہے کہ آیا کوئی شخص یہاں محض رہنا چاہتا ہے یا ملک کی شہریت حاصل کرنا چاہتا ہے، تاہم اب جب اس ویب سائٹ تک رسائی کی کوشش کی گئی تو اس کا ویب پیج نہیں کھلا اور یہ پیغام سامنے آیا۔جیسا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ وہ امریکا کے اگلے صدر بننے کے قریب ہیں، ایسے میں ان کے مخالفین کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ملک چھوڑنے کے حوالے سے اسی قسم کا دباؤ اس وقت بھی دیکھنے میں آیا تھا جب برطانیہ میں یورپی یونین سے انخلاء کے حوالے سے ریفرنڈم ہونے جارہا تھا۔