ریاض/انقرہ(آئی این پی)پاکستان سمیت متعدد ممالک نے امریکا کے 11 ستمبر ہرجانہ قانون کی مخالفت کردی جبکہ سعودی عرب اور ترکی نے جاسٹا کے خلاف متبادل قانون سازی پرسنجیدگی سے غورشروع کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی کانگریس کے نائن الیون کے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے قانون جاسٹا پر پوری دنیا میں تنقید اور مخالفت کی غیرمعمولی لہر اٹھی ہے۔سعودی عرب، ترکی، پاکستان سمیت کئی مسلمان ممالک کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک نے بھی جاسٹا کو عالمی سطح پر حاصل سفارتی تحفظ اور خود مختاری کے خلاف قرار دے کرمسترد کردیا ہے۔ترکی کے وزیر برائے تعمیر و ترقی لطفی علوان نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کا ملک اور سعودی عرب دونوں جاسٹا کے خلاف متبادل قانون سازی پرغور کررے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کے خلاف ہم بھی قانونی کارروائی کے لیے ایک ایسا ہی قانون وضع کررہے ہیں جو دہشت گردی سیمتاثرہ افراد کو کسی بھی ملک کے خلاف قانونی کارروائی کا حق دے گا۔