تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اورسعودی عرب کے تعلقات جوکہ یمن کی صورتحال کی وجہ سے کشیدہ تھے اب ایرانی پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کے گزشتہ روزکے ایک بیان کے بعد مزید کشیدہ ہوگئے ہیں ۔انگریزی جریدے ایکسپریس ٹرییبیون کے مطابق ایرانی نیوز ایجنسیوں فارس اور تسنیم کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ سعودی نائب ولی عہد محمد بن سلمان اقتدار کے لئے اس قدر بے تاب ہیں کہ وہ بادشاہ بننے کے لئے اپنے والد شاہ سلمان کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی نےیہ بیان شام میں جاں بحق ہونے والے ایک ایرانی جنرل کے لئے منعقدہ تقریب کے دوران دیا۔ان کاکہناتھاکہ ولی عہد محمدبن سلمان اقتدارکی ہوس میں اپنے والد شاہ سلمان کوبھی نشانہ بناسکتے ہیں ۔واضح رہے کہ ایران اورسعود ی عرب میں کشیدگی میں اضافہ اس وقت زیادہ ہواجب سعودی عرب میں معروف سکالر شیخ نمر النمرکوپھانسی دی گئی۔سکالر شیخ نمر النمر کی سزائے موت کے خلاف ایران میں سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔سکالر شیخ نمر النمرکوپھانسی دینے کے بعد ردعمل میں ایرانی مشتعل مظاہرین نے دارالحکومت تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملہ کیا تھا جبکہ مشہد میں سعودی قونصلیٹ کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ ان واقعات کے جواب میں سعودی عرب نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردئیے جبکہ متعدد دیگر عرب ممالک نے بھی ایران کے ساتھ تعلقات منقطع یا محدود کرلئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایرانی جنرل کے اس بیان کے بعد سعودی عرب اورایران کے درمیان کشیدگی مزید عروج پرپہنچ گئی ہے جوکہ کسی بھی نئی صورتحال کوجنم دے سکتی ہے جبکہ اس وقت سعودی عرب کویمن سے بھی خطرات لاحق ہیں ۔