نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے بھارتی وزیراعظم سے سرجیکل اسٹرائیکس کے ثبوت مانگ لیئ تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے کہاہے کہ بین الاقوامی میڈیا بھارت کے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو ماننے سے انکاری ہے۔اس حوالے سے سی این این کی ایک رپورٹ بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں ان علاقوں کو دکھایا گیا ہے جہاں بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا دعوی کیا تھا۔ تاہم رپورٹ میں دکھایا گیا ہے کہ وہاں پر رہنے والی آبادی پرسکون زندگی گزار رہی ہے اور وہاں سے ایسے کوئی ثبوت نہیں ملے جس سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی درست ثابت ہو۔ اروند کجریوال کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ دیکھ کر ان کا خون کھول اٹھا ہے اور وہ مودی سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت منظر عام پر لائے جائیں۔جبکہ کمیونسٹ پارٹی انڈیا کے جنرل سیکرٹری سیتارام یچوری نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، مودی سرکار عقل کے ناخن لے، نئی دہلی پاکستان سے کشیدگی بڑھانے کی بجائے بات چیت دوبارہ شروع کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویومیں کمیونسٹ پارٹی انڈیا کے جنرل سیکرٹری سیتارام یچوری نے کہاکہ اڑی واقعے پر منفی پروپیگنڈا کرکے بھارت نے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی اور پھر کنٹرول لائن پر سرجیکل اسٹرائیک کا بے بنیاد دعویٰ بھی کیا ۔انہوں نے کہاکہ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا نے بھی جلتی پر خوب تیل ڈالا ، پاکستان کے حصے کا پانی بند کرنے، سرحد پار مزید حملوں اور اسلام آباد کو ہر محاذ پر تنہا کرنے کا شوشا چھوڑا،لیکن اب بھارت میں سمجھ بوجھ رکھنے والے آواز بلند کررہے ہیں کہ مودی سرکار عقل کے ناخن لے،خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔کمیونسٹ پارٹی انڈیا کے جنرل سیکرٹری سیتا رام یچوری نے ایک انٹرویو میں مودی سرکار کو سمجھانے کی کوشش کی کہ پاکستان سے کشیدگی کو مزید ہوا نہ دی جائے، اسلام آباد سے سیاسی اور سفارتی سطح پر بات چیت کا دوبارہ آغاز کیا جائے تاکہ ان معاملات کا کوئی حل نکالا جاسکے۔