نئی دہلی(این این آئی)بھارت نے ہری کوٹا میں اپنے خلائی ادارے اسرو کے مرکز سے ایک ایسے راکٹ کو لانچ کیا ہے جو آٹھ مصنوعی سیاروں کو خلا میں لے کر گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت نے موسم کی پیشن گوئی کے لیے بھیجے جانے والے اپنے ایک مصنوعی سیارے کے ساتھ ساتھ امریکہ، کینیڈا اور الجزائر سمیت پانچ ممالک کے مصنوعی سیاروں کو بھی خلا میں چھوڑا۔اسی برس جون میں بھی اسرو نے پی ایس ایل وی کی مدد سے ایک ساتھ 20 مصنوعی سیاروں کو خلا میں چھوڑا تھا جن میں سے صرف تین مقامی اور بقیہ 17 غیر ملکی تھے۔جون میں زبردست کامیابی کے بعد ہی پیر کو پی ایس ایل وی نے پہلی بار یہ سیٹلائٹ لانچ کیے ہیں۔اگر یہ مشن بھی کامیاب رہتا ہے تو بھارت مجموعی طور پر 79 غیر ملکی مصنوعی سیارے خلا میں بھیجنے والا ملک بن جائے گا اور اس کے ساتھ ہی خلائی مہم سے بھارت کو ہونے والی کمائی بھی 12 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔نکتہ چینی کی ایک وجہ بھارت میں شدید غربت اور بھوک جیسے کئی مسائل بھی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ بھارت اپنے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے دولت کا ایک بڑا حصہ خلائی مشن پر خرچ کرتا ہے۔