نئی دہلی (آن لائن) پاک فوج کے انتباہ پر بھارت کے ہوش ٹھکانے آ گئے۔ بھارتی فوجی کمانڈروں نے وزیراعظم مودی کو کسی بھی فوجی کارروائی کا خیال دل سے نکالنے کا مشورہ دے دیا۔ بھارتی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن پرحملے کی صورت میں نقصان ہمارا ہی ہو گا۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بریگیڈ کیمپ پر حملے کے بعد بھارتی سیاستدان اور میڈیا جنگ کی بڑھک ہانک رہا تھا۔ اس پر پاک فوج نے واضح اور کھلا پیغام دیا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاک فوج کے اعلان کے بعد بھارتی وزیراعظم کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ‘ وزیر دفاع منوہر پاریکر‘ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور بھارتی فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سمیت اہم حکام شریک ہوئے۔بھارتی وزیراعظم مودی اور ان کے مشیر اجیت دوول نے فوجی کمانڈرز سے پاکستان کے خلاف جارحیت کے آپشن مانگے۔ اس پر جنرل دلبیر سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر دفاعی انتظامات مزید مضبوط بنا لیے ہیں۔ کنٹرول لائن پر پاک فوج سے چھیڑچھاڑ کا خیال دل سے نکال دینا ہی بہتر ہوگا۔جنرل دلبیر سنگھ نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ انہوں نے فیلڈ کمانڈروں سے ملاقاتیں کیں اور خود کنٹرول لائن کا بھی جائزہ لیا ہے۔ کوئی بھی ایڈونچر خود بھارت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں فضائیہ کے سربراہ اروپ اراہا شریک نہیں تھے جس کا واضح مطلب ہے کہ فضائی کارروائی کا کوئی آپشن زیر غور نہیں جبکہ مظفر آباد‘ سرینگر بس سروس معطل نہ کرنے سے واضح ہوتا ہے کہ ابھی کوئی فوجی آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔