سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں نے بڑا کام کردکھایا،بھارتی حکمران ششدر،سر جوڑ کربیٹھ گئے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے لوگوں کو شہریوں کے قتل عام کے خلاف مظاہرے اور بڈگام کے علاقے آری پانتھن کی طرف مارچ کرنے سے روکنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے سینکڑوں افراد زخمی ہو گئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں میرواعظ عمر فارو ق اور محمد یاسین ملک نے منگل کو فورجیوں کے ہاتھوں آری پانتھن میں شہید ہونیوالے چار افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مشترکہ طورپر دی تھی۔ حریت رہنماؤں نے علاقے میں نماز جمعہ ادا کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔سرینگر، بڈگام ، گاندربل، کنگن ، بیروہ، کپواڑہ ،اسلام آباد، بیج بہاڑہ ،بارہمولہ ، سوپور، پلہالن، پٹن، پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام اور دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ کرفیو اور دیگر پابندیوں کو توڑتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور وادی کشمیرمیں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے جاری قتل عام کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ انہوں نے آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے اور پاکستانی جھنڈے لہرائے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے متعدد مقامات پر فائرنگ ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے سینکڑوں لوگ زخمی ہو گئے۔حریت رہنماء مسرورعباس نے سرینگر کے علاقے نواع کدل میں ایک ریلی اور احتجاجی دھرنے کی قیادت کی ۔جموں کے علاقے بھدروہ میں لوگوں نے وادی کشمیرمیں شہریوں کے قتل کیخلاف ہڑتال کی ۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے آج مسلسل42ویں روز بھی پوری مقبوضہ واد ی میں سخت کرفیو اور دیگر پابندیوں کا نفاذ برقرار رکھاجبکہ آری پانتھن کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے تھے۔ بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو اس وقت گرفتار کر لیا جب انہوں نے مارچ کی قیادت کی کوشش کی۔ حریت رہنماؤں محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی کو بھی مارچ کی قیادت سے روکنے کے لیے غیر قانونی طور پر نظر بند رکھا گیا۔ لوگوں کو سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور مقبوضہ وادی کی دیگر بڑی مساجد میں نماز جمعہ نہیں پڑھنے دی گئی۔ بھارتی پولیس نے اخبارات کے ہاکروں کو سرینگر میں اس وقت مارپیٹ کا نشانہ بنایا جب وہ شہرمیں اخبارات تقسیم کر رہے تھے۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ بھارت نے وادی کشمیر کو ایک بڑے ذبح خانے میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگوں خاص طور پر نوجوانوں کو روز انہ قتل کیا جاتا ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت اپنے وحشیانہ حربوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتااور وہ اپنی جدوجہدکو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ دریں اثنا بھارتی سینٹرل ریزرو وپولیس فورس نے مقبوضہ علاقے کی ہائی کورٹ کے روبرو اس بات کا انکشاف کیا کہ بھارتی فورسزنے 32روز میں مقبوضہ وادی میں مظاہرین پر 13لاکھ پیلٹ فائرکیے ۔پولیس فورس کا کہنا تھا کہ پیلٹ کے تقریباً تین ہزار کارتوس جن میں تقریباًسولہ لاکھ چھرے تھے ، پمپ ایکشن گنوں کے ذریعے فائر کیے گئے۔ رواں برس آٹھ جولائی کے بعد سے اب تک فائرنگ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے 82شہری شہید اور آٹھ ہزار سے زائد زخمی ہوچے ہیں۔ 200سے زائد لوگوں کی آنگھوں میں پیلٹ لگے جسکی وجہ سے کئی ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔
بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی معاشرتی ، مذہبی اور سیاسی حقوق طاقت کے بل پر سلب کرلئے ہیں، میر واعظ
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے کشمیریوں کو جامع مسجد سرینگر اور دیگر مرکزی مساجد میں نماز جمعہ سے روکنے کے عمل کو مداخلت فی الدین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے بنیادی معاشرتی ، مذہبی اور سیاسی حقوق طاقت کے بل پر سلب کرلئے گئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز سرینگر میں اپنی گرفتاری سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف باقائدہ جنگ چھیڑ دی ہے اور صورتحال اس قدر سنگین بنا دی گئی ہے کہ اب معصوم اور نہتے شہریوں کو گھروں سے نکال کر سفاکانہ طور پر قتل کیاجا رہا ہے ۔ انہوں نے کھریو، بٹہ مالو اور صفاکدل کے تازہ ترین خونین واقعات کو سراسرریاستی دہشتگردی س قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھریو میں فورسز نے جبر و قہر کا برترین مظاہرہ کرتے ہوئے بلا لحاظ عمر و جنس پوری آبادی کو تختہ مشق بنا کر 100سے زیادہ رہائشی مکانوں کی توڑ پھوڑ کی جبکہ صفاکدل میں ایمبولینس کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزاد ی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے چپے چپے میں انسانی حقوق کی پامالیاں اپنے عروج پر ہیں جبکہ حقوق انسانی کی تنظیموں خاص طور پر ایمنسٹی انٹرنیشل کے کام کاج میں رکاوٹیں ڈال کر انہیں جبراً اپنے دفاتر بند کرنے کیلئے مجورکیا گیا۔ میر واعظ نے مقبوضہ علاقے کے خون آشا م حالات پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل جناب بانکی مون کی تشویش کو ناکافی قراردیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے سنگین اور دھماکہ خیز حالات پر محض فکر اور تشویش کا فی نہیں ہے بلکہ اب وقت آچکا ہے کہ یہ عالمی ادارہ عملاً اپنا کردار ادا کر کے کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت واگزار کرانے کیلئے سنجیدہ پہل اور مداخلت کرے۔میرواعظ نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ آزادی پسند قیادت کی جانب سے دیے جانے والے رواں ہفتے کے پروگراموں پر نظم و ضبط کے ساتھ عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ ظلم کی رات ختم ہوگی اور آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔
بھارت کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا،محمد یوسف نقاش
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اوراسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا اور جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ وہ طاقت بل پر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کے خلاف اُٹھنے والی کوئی بھی تحریک ناکام نہیں رہی اور بھارت کو کشمیر سے ہرحال میں جانا پڑے گا۔حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کا واحد مقصدآزادی ہے ، ہمارے شہدا کی قربانیوں کابھارت کے جبری قبضے سے آزادی کے سوا کوئی نعم البدل نہیں ۔انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔محمد یوسف نقاش نے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں لوگوں کا قتل عام جاری ہے ۔انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے شبانہ چھاپوں ، گرفتاریوں اور مکینوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قابض فوجیوں نے کشمیری عوام میں اس قدر خوف و دہشت پھیلارکھا ہے کہ اب لوگوں کو سانس لینا بھی دشوار ہورہا ہے۔ حریت رہنما نے حکومت پاکستان ، سیاسی، مذہبی جماعتوں اورعوام کو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ محمد یوسف نقاش نے کھریوں، پلوامہ میں ایک لیکچرار شبیر احمدکے دوران حراست قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسز کو بلا لحاظ عمر ، جنس ، یا پیشہ لوگوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔
مقبوضہ کشمیر،بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی کو گرفتار کرلیا
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اورحریت فورم کے سرابراہ میر واعظ عمر فاروق کو گرفتار کرلیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی اور میر واعظ کو اس وقت گرفتار کیاگیا جب انہوں نے کرفیو توڑتے ہوئے گھروں سے باہر نکل کر آری پانتھن کی طرف مارچ کی کوشش کی ۔ انہیں گرفتار کر کے ہمہامہ اورنگین پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیاگیا ہے ۔مشترکہ حریت قیادت سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے چار نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج نماز جمعہ ضلع بڈگام کے علاقے آری پانتھن میں ادا کرنے کی کال دی تھی۔ ان نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے منگل کے روز فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔ ادھر قابض انتظامیہ نے لوگوں کوبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے شہریوں کے جاری قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے آج مسلسل 42ویں دن بھی پوری وادی کشمیرمیں سخت کرفیو اوردیگرپابندیاں جاری رکھیں۔مقبوضہ علاقے میں موبائیل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہیں۔انتظامیہ نے حریت رہنماؤں محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی کواحتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں یاتھانوں میں نظربند رکھا ۔ان نتظامیہ نے سرینگر اور دیگر بڑے قصبوں میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کر رکھا تھا اور آری پانتھن کی طرف جانیوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کی گئی تھی ۔
سرینگر ، بھارتی فورسز کا اخبار فروشوں پر تشدد
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے سرینگر میں اخبار فروشوں کوشہر میں لوگوں کو اخبار فراہم کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک ہاکر نے صحافیوں کو بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے اسیسرینگر کے علاقے صفاکدل تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ لوگوں کو اخبار دے رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک چوکی پر اہلکاروں نے اسے جانے دیا تاہم دوسری چوکی پر اسے روک کر تشدد کا نشانہ بنایاگیا ۔ہاکر نے بتایا کہ فورسز نے نہ صرف اسے بلکہ دیگر اخبار فروشوں پر بھی تشدد کیا۔
وادی کشمیرمیں قتل عام کیخلاف بھدروہ میں ہڑتال
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ وادی کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف جموں ریجن کے علاقے بھدروہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھدروہ کے مسلمانوں نے وادی کشمیرمیں جاری شہریوں کے قتل عا م پر بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی اور بے حسی کے خلاف ہڑتال کی گئی ۔ علاقے میں دکانیں اور تجارتی مراکز اور بعض پرائیویٹ سکول بند رہے ۔