اسلام آباد (این این آئی)سعودی عرب کی حکومت پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرے گی اور اس ضمن میں تمام اخراجات خود برداشت کرے گی۔ سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے یہ یقین دہانی سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی کیلئے وفاقی وزیر پیر صدر الدین راشدی کو کرائی جو سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔ بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں وزراء نے مختلف کیمپوں میں مقیم پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے سعودی وزیر صحت کو کیمپوں میں طبی سہولیات کی عدم فراہمی کی بناء پر پاکستانی محنت کشوں کو درپیش مسائل کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی اور دونوں ممالک نے پاکستانی کارکنوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے سعودی وزیر محنت و سماجی ترقی ڈاکٹر مفرج بن سعد سے بھی ملاقات کی اور پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مشکلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ محنت کشوں کو تنخواہوں کی ادائیگی، اقامہ کی تجدید اور طبی سہولیات سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ سعودی وزیر محنت و سماجی ترقی نے پیر صدر الدین راشدی کو پاکستانی کارکنوں کے مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ پیر صدر الدین راشدی نے سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانی کارکنوں کے مختلف کیمپوں کے نمائندوں و رابطہ کاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ مسائل کے حل کیلئے سعودی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، او پی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اور دیگر متعلقہ پاکستانی اور سعودی سرکاری حکام بھی ملاقاتوں میں موجود تھے۔