بیجنگ(آئی این پی)چین نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ سے منسلک ممالک کے ہزاروں طلبہ کیلئے چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے 10ہزار سکالر شپ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے،پاکستان سمیت 60سے زائد ممالک کے نوجوان سکالر شپ سکیم سے مستفید ہوسکیں گے،چینی وزرات تعلیم کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ دستاویزات کے مطابق آئندہ پانچ سالوں میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ سے منسلک ممالک سے 50ہزار نوجوان سکالر شپ سکیم کے تحت چین کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں گے،منصوبہ کے مطابق 2500چینی طالب علموں کو بھی ان ممالک میں ہر سال تعلیم حاصل کرنے کیلئے بھیجا جائے گا۔دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ سکیم کے تحت ان ممالک کے اساتذہ اور نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے کیلئے مشترکہ تربیت گاہیں بھی قائم کی جائیں گی۔