ماسکو(آئی این پی)روسی وزارت خارجہ نے افغان صوبہ لوگر میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے روسی پائلٹ کی بازیابی کی تصدیق کردی۔ ہفتہ کو روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے چار اگست کو صوبہ لوگر میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے یرغمال بنائے گئے روسی پائلٹ سرگئی سواستی انوف کو بازیاب کرالیا گیا ہے جسے جلد ہی اسلام آباد میں روسی سفارتخانے کے حوالے کردیا جائے گا۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ روسی پائلٹ کو جلد ہی اسلام آبادمیں روسی سفارتخانے منتقل کردیا جائے گا جہاں سے اسے وطن واپس بھیجا جائیگا۔روسی وزارت خارجہ نے اپنے شہری کی رہائی پر پاکستانی حکام کی کوششوں پر گہرے تشکر کا اظہار کیا ہے ۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت کے ایم آئی 17ہیلی کاپٹر نے چار اگست کو افغان صوبہ لوگر میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی جس پر طالبان نے عملے کے چھ ارکان جس میں روسی پائلٹ بھی شامل تھا کو یرغمال بنا لیا تھا۔ہیلی کاپٹر اورہالنگ کیلئے روس جارہا تھا۔