انقرہ (این این آئی)ترکی کی جانب سے ز اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ شامی تنازعے کے حل کے لیے تہران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایران اور ترکی اس تنازعے میں دو مختلف نکتہ ہائے نظر کے حامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی کی جانب سے یہ بیان ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کے دورہء انقرہ کے موقع پر سامنے آیا ہے۔ اپنے اس دورے میں ظریف نے ترک وزیرخارجہ مولت چاؤس آؤکلو کے ساتھ ملاقات کی،چاؤس آؤلو نے جواد ظریف کے ساتھ ملاقات کے بعد کہاکہ ہم شام کے موضوع پر قریبی تعاون کریں گے۔ شامی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے موضوع پر ترکی اور ایران کا موقف ایک ہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ کچھ معاملات میں ہمارے درمیان اختلافات ہیں، مگر ہم نے بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا۔ ہم شامی تنازعے کے مستقل حل کے لیے ایران کے تعمیری کردار کو نہایت اہم سمجھتے ہیں۔ترک وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد جواد ظریف نے بھی کہا کہ دونوں ممالک چاہتے ہیں کہ شامی تنازعے کا حل شامی عوام کی مرضی کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ شامی عوام ہی کو اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں فیصلے کا حق حاصل ہے۔