کیف(این این آئی)روس کے ساتھ کشیدگی کے بعد یوکرین نے کرائمیا سے متصل سرحد اور جن مشرقی علاقوں میں باغیوں سرگرم ہیں وہاں فوج کو چوکس رہنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔روس نے الزام عائد کیا تھا کہ یوکرین کرائمیا میں مسلح دراندازی کی کوششیں کر رہا ہے۔اقوام متحدہ میں یوکرین کے سفیر ولادمیر یلچنکوف نے روس سے اس دعوے کے بارے میں شواہد فراہم کرنے کو کہا تھا اور کہا کہ اس وقت روس کے تقریباچالیس فوجی یوکرین اور کرائمیا کی سرحد پر جمع ہیں۔اس پر ان کے روسی ہم منصب نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کاؤنسل کو مسلح دراندازی کے بارے میں بتاتے ہوئے اس پر ماسکو کی ناراضگی کا اظہار کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق روس کے سفیر ویٹالے چرکن نے کہا کہ ہمارے فوجیوں کی گنتی کرنے کے بجائے انھیں مشرقی یوکرین میں تنازع کو ختم کرنا چاہیے۔دونوں ملکوں کے سفیروں نے اقوام متحدہ کو بتایا کہ انھیں امید ہے کہ حالات اور زیادہ خراب نہیں ہوں گے۔2014 میں کرائمیا نے ایک غیر تسلیم شدہ ریفرنڈم کے بعد یوکرین سے الگ ہوکر روس سے ملحق ہونے کا اعلان کیا تھا۔اسی کے بعد سے دونوں ایک دوسرے پر صورت حال کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔اس دوران یوکرین آئندہ 24 اگست کو آزادی کی اپنی 25ویں سالگرہ منانے کی تیاریاں کر رہا ہے جبکہ روس 18 ستمبر کو پارلیمانی انتخابات کروانے کی تیاری میں ہے۔ادھر امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں فریقین سے بیان بازی کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صورت حال پہلے ہی سے کافی کشیدہ ہے جس میں مزید اصافہ ہونے کا امکان ہے۔