جکارتہ(این این آئی)انڈونیشیا نے کہا ہے کہ ملک میں ہم جنس پرست طبقے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے صدارتی ترجمان جوہان بودی نے غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کے حقوق مثلا تعلیم حاصل کرنا یا شناختی کارڈ حاصل کرنا وغیرہ تو محفوظ ہیں مگر انڈونیشیا میں ایل جی بی ٹی تحریک کے بڑھنے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ قبل ازیں اعلیٰ تعلیم کے ملکی وزیر یونیورسٹیوں میں ہم جنس پرستوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر چکے ہیں جبکہ ملکی وزیر دفاع نے ہم جنس پرستوں کے حقوق کا دفاع کرنے والے گروپوں کو ’جنگ کے جدید طریقوں میں سے ایک‘ قرار دیا تھا۔ ہم جنس پرستوں کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں کے تناظر میں انڈونیشی حکام انسانی حقوق کی تنظیموں کی تنقید کی زد میں ہیں۔