ماسکو (آئی این پی )ترک صدر رجب طیب اردگان اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدررجب طیب اردگان نے اپنے روس کے اہم دورے کے دوران صدر ولادیمرپیوٹن سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کی بہتری سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ روسی صدر نے کہا کہ ترکی کے کشیدہ حالات کے باوجود ترک صدر کا دورہ اہمیت کا حامل ہے ،طیب اردگان کا دورہ اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں اچھے تعلقات کے حامی ہیں۔اس موقع پر ترک صدر نے کہا کہ ترکی اور روس کے تعلقات مثبت دور میں داخل ہو گئے ہیں ،دونوں ممالک بہترین باہمی مقاصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ترکی میں بغاوت کے بعد طیب اردگان نے پہلا غیر ملکی دورہ روس کا کیا ہے جبکہ ترکی کی جانب سے ناکام بغاوت کے بعد مغرب اور امریکہ کے منافقانہ رویے کو بھی خاصی تنقید کا نشانہ بنا یا گیا۔