اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں قائم مقام قونصل جنرل ثمر جاوید نے کہا ہے کہ دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ نے پاسپورٹس اور شناختی کارڈز کی تجدید کے لئے آن لائن اپوائنٹمنٹ کا نظام شروع کر دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے اجراء سے پاکستانیوں کو پاسپورٹس اور شناختی کارڈز کی تجدید جلد ہو سکے گی اور وہ زیادہ انتظار کی زحمت سے بچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 29 جولائی سے یہ نظام شروع ہو گیا ہے۔ ابو ظہبی اور العین میں قیام پذیر شہریوں کے لئے یہ نظام پہلے ہی کام کر رہا ہے۔ اس نظام سے پاسپورٹس اور شناختی کارڈ کی تجدید کے علاوہ غیر ملکیوں کو پاکستانی ویزا کے حصول میں بھی سہولت ہوگی تاہم اس نظام میں ابھی آن لائن ادائیگی کی سہولت دستیاب نہیں ہے اور اس کے لئے قونصلیٹ جانا ہوگا۔ تاہم تمام ضروری معلومات ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں جن سے شہری استفادہ کر سکتے ہیں۔ اندازہ ہے کہ 1500 سے 1800 افراد روزانہ اس نظام سے مستفید ہوں گے۔