نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں دلت ذات کے ہندو جوڑے کو 15 روپے قرض ادا کرنے میں تاخیر کی وجہ سے قتل کر دیا گیا۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاست اتر پردیش میں ایک میاں بیوی کو صرف پندرہ روپے کا قرض بروقت ادا نہ کرنے کی وجہ سے ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ جوڑا مزدوری کے لیے جا رہا تھا کہ راستے میں ایک کریانہ سٹور کے مالک نے انہیں پندرہ روپے قرض ادا کرنے کا کہا۔جس پر میاں بیوی نے کہا کہ وہ بعد میں واپس کر دیں گے تاہم دکاندار اشتعال میں آ گیا اور کلہاڑیوں کے وار کرتے ہوئے میاں بیوی کو قتل کر دیا۔اس واقعے کے فوراً بعد دکاندار کو گرفتار کر کے اس سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں اچانک اشتعال انگیزی کے بعد شروع ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں سالانہ ہزاروں افراد مارے جاتے ہیں۔بھارتی نیشنل کریمنل ریکارڈ بیورو کے مطابق 2014ء میں ملک بھر میں 33 ہزار سے زائد افراد کو قتل کیا گیا تھا۔