نئی دہلی(این این آئی) بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے حالات کی خرابی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرادیا بھارت کے ایوان بالا (راجیہ سبھا) میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے روایتی ہرزہ سرائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے کردار کو ’’غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو کشمیر میں مسلمانوں کا محافظ ہونے کا دعوی نہیں کرنا چاہئے کیوں کہ کشمیری ہمارے اپنے ہیں اور انہیں گمراہ کیا جارہا ہے۔مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 45 نہتے کشمیریوں کی شہادت کے بعد راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وادی میں بھارتی فوجیوں کو ’’زیادہ سے زیادہ تحمل‘‘ کا مظاہرہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ تشدد روکنے کے لئے وہ صرف ’’غیرمہلک ہتھیاروں‘‘ کا ہی استعمال کریں۔