کیلی فورنیا(این این آئی) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے گھر میں ہونے والی پارٹی میں نامعلوم افراد فائرنگ سے 14 افراد زخمی ہو گئے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے علاقے بیکرز فیلڈ کے ایک گھر میں ایک تقریب جاری تھی کہ کار میں سوار نامعلوم ملزمان نے پارٹی کے شرکاء پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق ایک لڑکی کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں 15 سے 19 سال کی عمر کے 150 کے قریب لڑکے اور لڑکیاں شامل تھے، کار سوار حملہ آوروں نے تقریب کے شرکاء پر فائرنگ کی تو جواب میں شرکاء کی جانب سے بھی حملہ آوروں پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ تقریب میں شریک افراد حملہ آوروں کو جانتے ہیں تاہم وہ ان کی شناخت ظاہر نہیں کر رہے۔