واشنگٹن (این این آئی)امریکی اخبار نے کہاہے کہ پینٹاگون نے روس کو تجویز پیش کی ہے کہ شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے اردن کے دارلحکومت عمان میں ایک مشترکہ فوجی اڈہ قائم کیا جا سکتا ہے،امریکہ نے شام میں مشتر کہ فوجی کاروائی کیلیے روس کو تعاون کی پیشکش کی ہے ۔امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون نے روس کو تجویز پیش کی ہے کہ شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کیلیے اردن کے دارلحکومت عمان میں ایک مشترکہ فوجی اڈہ قائم کیا جا سکتا ہے۔امریکی انتظامیہ نے اس سلسلے میں 8 صفحات پر مشتمل ایک تجاویزاتی متن روسی حکام کو ارسال کر دیا ہے جبکہ امکان ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری آج اپنے دورہ روس کے دوران اس موضوع پر بات چیت کریں گے۔ دوسری جانب وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا کہ دونوں ممالک اس بارے میں رابطے میں ہیں لیکن مشترکہ کاروائی کی تجویز پر مطابقت کا طے ہونا فی الوقت قیاس آرائی کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔